اسلام آباد ، مشترکہ صدارتی امیدوار پر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتفاق رائے نہیں ہو سکا، احسن اقبال
اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے میں ناکامی کا ذمہ دار پیپلز پارٹی کو قرار دے دیا۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمن کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے۔ اس موقع پر حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کے نمائندے موجود تھے۔
کاغذات جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مشترکہ صدارتی امیدوار پر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتفاق رائے نہیں ہو سکا، رات گے تک مشترکہ امیدوار کے لیے کوششیں کیں جو ناکام ہوگئیں کیونکہ پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کے نام پر اڑی ہے، پیپلز پارٹی کے پاس بے شمار ایسے نام ہیں جن پر ن لیگ کو اعتراض نہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن نے میاں نواز شریف کی فیملی کی بیماری پر بھی سیاست کی تھی، اس لئے ہم نے بار بار پی پی پی سے گزارش کی کہ کسی اور کو نامزد کریں، آج دوبارہ وفد آصف زرداری کے پاس جائے گا، ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کے ووٹ ٹوٹنے سے بچائے گی۔