اسلام آباد،ہم عمران خان کا دائرہ کار تنگ کرنا نہیں چاہتے، ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے،قمر زمان کائرہ
پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے۔
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پی پی پی رہنماؤں نے دو ٹوک الفاظ میں اپوزیشن اتحاد کو ہی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم عمران خان کا دائرہ کار تنگ کرنا نہیں چاہتے، ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، حکومت کی غلط پالیسیوں کو روکیں گے اور اچھے کاموں کی تائید کریں گے، صرف مخالفت برائے مخالفت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمن سے ن لیگ کو اعتزاز احسن کے نام پر راضی کرنے کی گزارش کی تھی، لیکن وہ خود امیدوار بن گئے۔
قمر زمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں بلکہ محض ایک بندوبست ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں، اسے اس طرح نہ پیش کیا جائے کہ ہم نے اتحاد بنایا تھا جسے توڑ دیا گیا، تاہم اپوزیشن کو متحد کرنے میں نہ پہلے کسر چھوڑی ہے نہ اب چھوڑیں گے، اعتزاز احسن کو امیدوار بنانا پی پی پی کا اپنا فیصلہ ہے، پوری کوشش تھی کہ اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار آئے۔
چودھری منظور نے کہا کہ ن لیگ پی پی پی کی مجبوریوں کا تاثر دے رہی ہے، بے نظیر اور آصف زرداری کے خلاف تمام کیسز نواز شریف نے بنوائے تھے، آج بھی آصف زرداری 2014 اور 2015 کے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں بار بار مجبوریوں اور دباؤ کے طعنے نہ دیے جائیں، ہم معاہدے کرکے باہر نہیں جاتے، یہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد نہیں بلکہ صرف ایک بندوبست ہے، سب کا اپنا اپنا منشور ہے، اور کوئی ایک دوسرے کا منشور ماننے کے لیے تیار نہیں، اس میں بعض مسائل آئے ہیں، ممکن ہے کہ وہ مسائل حل ہوجائیں۔