کوئٹہ ، وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے نومنتخب صوبائی وزرا ء کی ملاقات
کوئٹہ میں نومنتخب صوبائی وزرا ء نے حلف برداری کی تقریب کے بعدوزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کی ۔
اراکین قومی اسمبلی میر خالد خان مگسی، سردار اسرار خان ترین اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزراء نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کابینہ کا حصہ بنانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے کی تعمیر وترقی کے وڑن کو آگے بڑھانے میں وزیراعلیٰ کے دست وبازو بنیں گے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی کابینہ کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نومنتخب صوبائی وزراء صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے وڑن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں گے اور عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت سے صوبے کے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں جن پر پورا اترنے کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی اور اپنی تمام تر توجہ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب مرکوزکرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کو جن مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے ہمارے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں۔ ہمیں سادگی اور کفایت شعاری پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دستیاب وسائل کے بہترین مصرف کو یقینی بنانا ہوگا۔ کیونکہ ہم وسائل کے ضیاع کے ہر گز متحمل نہیں ہوسکتے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منگل کے روز طلب کیا جائے گا اس حوالے سے انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ اہم امور کو کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے اور کابینہ کے اراکین کو ایجنڈے کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کابینہ کے اختیارات میں مزید اضافہ ہوا ہے جو تمام اہم صوبائی امور کے حوالے سے فیصلے کرنے کی مجاز ہے۔ انہوں نے نومنتخب وزراء کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔