ایڈنبرا ،کالج آف فزیشن ایڈنبرا نے صدرممنون حسین کو اعزازی ڈگری سے نوازا
صدر ممنون حسین کو کالج آف فزیشن ایڈنبرا کی جانب سے اعزازی ڈگری سے نوازا گیا،صدرمملکت کا کہنا تھا کہ رائل کالج آف فزیشن جیسے ادارے سے ڈگری ملنا اعزاز کی بات ہے۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں صدر ممنون حسین کواعزازی ڈگری دینے کی پروقارتقریب کالج آف فزیشن ایڈنبرامیں ہوئی، تقریب میں رائل کالج آف فزیشن کے صدر پروفیسر ڈیریک بل نے صدر مملکت کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ رائل کالج آف فزیشن جیسے معتبر ادارے سے ڈگری ملنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان اور رائل کالج آف فزیشن کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ صدر ممنون حسین کی آئینی مدت 9 ستمبر 2018 کو پوری ہورہی ہے۔
صدر مملکت ممنون حسین کا رائل کالج آف فزیشن ایڈنبرا کی دعوت پر برطانیہ پہنچنے پر لندن ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کا قانون ہے بدعنوانی کرنے والا کچھ دن بچتا ہے مگر پھر پکڑا جاتا ہے۔
ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاناما پر جو بیان دیا تھا اُس کا اندازہ تھا مگر پاکستان میں جو احتساب کا عمل شروع ہوا وہ ٹھیک تو ہے مگر کچھ خامیاں بھی ہیں لیکن اب پاکستان پیچھے نہیں آگے کی طرف بڑھتے ہوئے مزید ترقی کرے گا۔