Aug 29, 2018 03:48 pm
views : 413
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Imran Ismail Chairs Meeting Development Works
کراچی ، گورنرسندھ کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ اجلاس
گورنرسندھ عمران اسماعیل کے زیر صدارت گورنرہا?س میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے گورنرسندھ کو وفاق کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنرسندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں بشمول کراچی ترقیاتی پیکج سے شہر کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو زبردست سہولیات کی فراہمی یقینی ہے ، گرین لائن منصوبہ شہر کی ٹرانسپورٹ کے لئے اہم ترین منصوبہ ہے اس کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت سے بات کروں گا تاکہ شہر یوں کو آرام دہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سفری سہولیات حاصل ہو سکیں۔
اجلاس میں کراچی انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹیڈ کے افسران نے گورنرسندھ کو گرین لائن منصوبہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ سرجانی سے لیکر گرومندر تک کے منصوبہ کو مکمل کرلیا گیا ہے ، کے ایم سی میونسپل پارک تک توسیعی منصوبہ پر کام جاری ہے اس میں مزار قائد کے سامنے تعمیر کے حوالہ سے قواعد کے باعث کچھ مشکلات پیش آرہی تھیں لیکن اس مسئلہ کو بھی حل کرلیا گیا ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ منصوبہ میں جہاں جہاں مشکلات اور رکاوٹیں پیش آرہی ہے ان کی نشاندہی کی جائے تاکہ انھیں ختم کیا جا سکے۔ جائزہ اجلاس میں افسران نے گورنرسندھ کو کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت کے ڈی اے چورنگی ، فائیو اسٹار چورنگی اور سخی حسن چورنگی پر تین فلائی اوورز کی تعمیر ،منگھوپیر اور نشتر روڈ کی از سر نو تعمیر سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لئے فائر فائٹنگ آلات اور مشینری کی خریداری کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبوں میں حائل دشواریوں اور رکاوٹوں کے ضمن میں بھی ورکنگ پیپر تیار کیا جائے۔