اسلام آباد ، نیب،انسداد دہشت گردی ،گورننس اصلاحات کے لئے الگ الگ ٹاسک فورسز بنادی گئی ہیں ،فواد چوہدری
وفاقی کابینہ نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کےلئے شاہ محمود اور خسرو بختیار پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے ،جو ن لیگ سمیت تمام جماعتوں سے رابطہ کرے گی ۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں وزارتوں کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اخراجات میں کمی کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔ جو افسران ایمانداری سے کام کررہے ہیں انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں مگر جو ایماندار نہیں انہیں ضرور ڈرنا چاہیے ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کےبعدوفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیشنل بینک سعید احمد خان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نیب،انسداد دہشت گردی ،گورننس اصلاحات کے لئے الگ الگ ٹاسک فورسز بنادی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فاٹا انضمام پر عمل درآمد تیز کرنے کےلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہےاور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کےلئے بھی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام جماعتوں سے رابطہ کرے گی ۔
فواد چوہدری کا کہناتھاکہ ملک گیر شجر کاری مہم 10 بلین ٹرمی سونامی چلائیں گے ،2ستمبر کو 15لاکھ درخت لگائے جائیں گے ،کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وراثت میں خواتین کا حصہ یقینی بنانے کےلئے قانون میں ترمیم کی جائے گی ۔