لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہ اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈینگی سے نمٹنے کے حوالے سے انتظامات اورشجر کاری مہم کا بھی جائزہ لیاگیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کے قیام کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ محرم الحرام کے دوران گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔صوبائی، ڈویڑن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے جائیں۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
سردار عثمان بزدار نے کہاقیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایاجائے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اوراعلی حکام نے شرکت کی۔
ڈویڑنل کمشنرز اورآر پی اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔