پشاور ، 4ستمبر کو بھاری اکثریت سے صدارتی انتخاب جیتیں گے، عارف علوی
صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی پشاور پہنچ گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی پشاور پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔
عارف علوی نے پریس کانفرنس بھی کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر کو بھاری اکثریت سے صدارتی انتخاب جیتیں گے، امید ہے کہ ہماری کیلولیشن سے زیادہ ووٹ ملیں گے، بھرپور تعاون کا یقین دلانے پر اتحادیوں کا مشکور ہوں۔
نامزد صدارتی امیدوار نے کہا کہ موجودہ حکومت عام لوگوں کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کو عملی جامہ پہنا کر دکھائیں گے جب کہ پانی، ماحولیات، تعلیم اور صحت جیسے اہم مسائل سے بھی نمٹنا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانا ہماری کوشش ہوگی۔