اسلام آباد:آر ٹی ایس کی بندش، انتخابات کو متنازع بنایا جارہا ہے، اعظم سواتی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر اعظم سواتی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آر ٹی ایس سسٹم میں خرابی کے معاملے پر میڈیا کو بریفنگ دی۔سینیٹر اعظم سواتی کہتے ہیں کہ آر ٹی ایس معاملے پر الیکشن کو متنازع بنایا جارہا ہے، آر ٹی ایس سسٹم کو روکا گیا، اس کی تحقیقات ہونی چاہئے، آر ٹی ایس سسٹم کی انکوائری کیلئے چیئرمین نادرا کو ہٹایا جائے، شہباز شریف کو آر ٹی ایس سسٹم بند ہونے کا کیسے پتا چلا؟۔
فواد چوہدری کہتے ہیں کہ آر ٹی ایس سسٹم کے غیر فعال ہونے پر کافی اعتراضات سامنے آئے، وزیراعظم نے اپنی پہلی ہی تقریر میں اپوزیشن سے کہا تھا کہ دھاندلی کے جو بھی الزامات سامنے لائے گئے ان پر تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کو تیار ہیں، پاکستان میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ انتخابی نتائج پر کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان نے انتخابی دھاندلی کیخلاف پوری لڑائی لڑی ہے، کرکٹ میں نیوٹرل امپائر لانے کا سہرا بھی عمران خان کے سر ہے، ہم شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف ہونے چاہئیں۔