بلوچستان :اضلاع جعفرآباد اور صحبت پور میں شجرکاری مہم کاآغاز ہوگیا
وزیراعظم پروگرام عمران خان کے پلانٹ فار پاکستان کے نام سے ملک کوسرسبز بنانے کے لیے شجرکاری مہم کاباقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جعفر آباد اور صحبت پور کے اضلاع میں ناظم جنگلات سمندرخان کھوسہ نےنہ صرف اپنے ملازمین کے ہمراہ مختلف مقامات پرشجرکاری کے پودے لگا ئے بلکہ زمینداروں اور کسانوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں پودے تقسیم کیے۔ میرسمندرخان کھوسہ کاکہناتھاکہ درخت ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کوختم کرنے کاذریعہ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ زمینوں کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ زمین کے کٹاوکو روکتے ہیں اورزمین کو بنجر ہونے سے بچاکر زمینداروں کی معاشی حالت بہتر بنانے کا ذریعہ بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں، یہ درخت ہمیں گرمی سے بھی بچاتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پارکوں، کھیتوں، کھلیانوں، سڑکوں کے کنارے اور عوامی مقامات، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتروں میں بھی پودے لگائیں اور شجرکاری مہم کوکامیاب بناکر ملک کی تعمیروترقی میں اپناکردار اداکریں۔