Sep 04, 2018 06:06 pm
views : 444
Location : Parliament House
Islamabad- PMLN Ahsan Iqbal Media Talk
اسلام آباد، شریف خاندان کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جارہا ہے، احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر صدارتی انتخاب کا عمل جاری ہے لیکن آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے صدر شہباز شریف نے کی۔ اس پارلیمانی اجلاس میں سب سے پہلے پارلیمانی پارٹی نے محسوس کیا کہ پارٹی کے قائد نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو جن میں ان کی بیٹی مریم نواز بھی شامل ہیں انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو میں احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اس حکومت کے سیاسی اسیر ہیں جس کا بڑا ثبوت یہ ہے کہ اس حکومت نے ان کے دوران اسیری اپنی پہلی کابینہ کے اجلاس میں بجائے اس کے کہ وہ لوڈ شیڈنگ کا فکر کرتی بجائے اس کے کہ وہ ملک میں دہشت گردی کے بارے میں فکر کرتی اس کے لئے پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے نام ای سی ایل میں ڈالنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو انصاف ملے گا ،ہم عدالتی جنگ لڑرہے ہیں۔ عدالت اور عدلیہ کسی بھی ملک کی بقاء اور سلامتی میں ایک اہم ستون ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ ان عدالتی اداروں سے نواز شریف کے ساتھ اسی طرح کا انصاف ہوگا جس طرح کہ ہم نے دیکھا کہ حالیہ دنوں میں بہت سی اور انصاف کی مثالیں سامنے آئی ہیں۔