کراچی، شہر قائد بڑی تباہی سے بچ گیا
عروس البلاد شہر قائد بڑی تباہی سے بچالیا گیا، تحریک طالبان سوات گروپ کراچی کے امیر سمیت تین خودکش بمبار مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، ڈیٹو نیٹر، نقشے اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید بتایا کہ کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن رئیس امروہی کالونی میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد زبیر عرف وقاص، رحمت رمضان اور فیصل رشید ہلاک ہوئے جو کہ کراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی نیت سے جمع تھے۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد تیار خودکش جیکٹس، دو عدد پستول بمعہ راؤنڈ، ڈیٹو نیٹرز، نقشے، موبائل فون وغیرہ برآمد بھی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ علی الصبح انٹیلی جنس ایجنسی بمعہ کراچی پولیس اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جیسے ہی رئیس امروہی گوٹھ میں ایک مکان کا گھیراؤ کیا تو دہشت گردوں نے مکان کے اندر سے پولیس پر فائرنگ شروع کردی ۔ کانسٹیبل اسماعیل کی بلٹ پروف جیکٹ پر ایک گولی لگی جس سے وہ زمین پر گرگیا، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ملزمان زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر ہسپتال روانہ کیا گیا جو کہ اثناء راہ میں ہلاک ہوگئے۔