کوئٹہ، ملکی آئین میں سب سے بڑاعہدہ صدر کا ہی ہے، وزیرا علیٰ بلوچستان
وزیرا علیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جب بھی کوئی سیاسی حکومت آتی ہے اس کے بعد عموماً صدارتی انتخاب کا بہت بڑا عنصر ہوتا ہے۔ وفاق کی علامت میں صدر پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے مگر وہ کردار متحرک ہونا چاہیے اور متحرک سے مراد یہ ان کی ذمہ داریوں میں ہے کہ وہ وفاق کے تمام صوبوں اور اکائیوں میں ہم آہنگی پیدا کریں۔ میرے خیال میں ملکی آئین میں سب سے بڑاعہدہ صدر کا ہی ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ اب مسائل کے حل کیلئے عملی کوششیں ہونا چاہئیں، مسائل اب زبانی تقاریر، چند خطوط اور ترمیم سے حل نہیں ہوں گے جب تک بلوچستان کے لوگ اپنی زندگی میں عملی طو رپر بہتری نہیں دیکھیں گے تو یونہی وہ ہمیشہ احساس کمتری کا شکار ہوتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ دعا ہے کہ آج کا دن پاکستان اور بلوچستان کیلئے بہت اچھا ثابت ہو، وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت اور صدر پاکستان بلوچستان کے ان معاملات کو حل کرنے کی پوری کوششیں کریں گے۔