کشمیری حریت رہنماؤ ں مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر عبدالاعلی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئےتعزیتی ریفرنس کا انعقاد
کشمیری حریت رہنماؤ ں مشتاق احمد وانی مرحوم اور ڈاکٹر عبدالاعلی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعیتی حریت کانفرنس کی جانب سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حریت قائدین نے کہاکہ مرحوم قائدین کا شمارکشمیر کی تاریخ کے ان رہنماؤں میں کیا جاتا ہے جو اخلاص کے پیکر تھے اور جنہوں نے تحریک آزادی جموں و کشمیر کے حوالے سے اخلاص ، عزم ، وفاداری اور وفا شعاری کا مظاہرہ کیا ۔
حریت رہنمائوں نے مرحوم قائدین کے کارنامے، خدمات اور جذبہ حریت کو کشمیری قیادت کے لئے مشعل راہ قرار دیا، مقررین نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے مرحومین کے کردار اورخدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا،مرحومین نے آزادی کشمیر میں نہ صرف سیاسی و عسکری خدمات سر انجام دیں بلکہ وہ حریت پسند قوتوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے سلسلہ میں پیش پیش رہے۔
حریت قائدین نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں قتل و غارت کابازار گرم کررکھا ہے اور آئے دن مختلف علاقوں میں شب و روز کریک ڈائون کے نام پر علاقوں کا محاصرہ کیا جاتا ہے ایسے میں بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
مقررین نے اس بات کا عہد کیا کہ تمام تر مشکلات اور مصائب کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا اور جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کیا ہے ان کی قربانیوں کو نہ تو فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو ان قربانیوں سے کھلواڑ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
تعزیتی ریفرنس میں حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی، عبدالرشید ترابی،، پرویز شاہدایڈووکیٹ، حسن الابناء، بشیرعثمانی، سردار ماجد اور دیگرموجود تھے ۔