کراچی، وزیر اعظم عمران خان سے پہلے ہی شجرکاری مہم کا پروگرام ہمارا تھا، خالد مقبول
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سہ روزہ شجرکاری مہم کا آج دوسرا روز ہے۔ شجرکاری مہم کے دوسرے روز ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رہنماء عامر خان نے مزار قائد پر پودا لگایا اور ملک کو سرسبز وشاداب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ مہم کا آج دوسرا دن ہے، آج بھی مختلف مقامات پر ہم نے شجرکاری مہم کو جاری رکھا ہوا ہے اور آج بابائے قوم کے مزار پر ہم شجرکاری مہم کے سلسلے میں آئے ہیں، آج یوم دفاع ہے، آج وہ دن ہے کہ جس دن افواج پاکستان نے 6 ستمبر 1965ء کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا اور پوری دنیا کو پیغام دیا تھا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی شجرکاری مہم سے پہلے ہی متحدہ قومی موومنٹ کا شجرکاری مہم شروع کرنے کا پروگرام تھا۔ ہم کم سے کم اس شہر کراچی میں اتنے درخت تو دیکھنا چاہتے ہیں کہ جتنے یہاں نفس بستے ہیں۔