اسلام آباد:ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتار سکتی ہے: شیخ رشید
پاکستان ریلوے نے گرین پاکستان گرین ریلوے مہم کا آغاز کر دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان ریلوے کی پہلی نرسری کا مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر افتتاح کر دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر شجر کاری کر رہے ہیں، شجر کاری مہم کے تحت ایک لاکھ 84 ہزار پودے لگا چکے ہیں۔ پاکستان ریلوے بہت جلد قوم کو بڑی خوش خبری دے گی، کوشش ہے کہ ریلوے کو بہتر ادارہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو عوام دوست ادارہ بنائیں گے۔ تھوڑا وقت دیں بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ عمران خان کی ہدایت پر بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ پچھلی دفعہ گیس میٹر لگائے تھے، اب بجلی کے میٹر لگاؤں گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ جس پر کرپشن کا الزام ہے کارروائی کریں، اسپتال پر کام شروع کروا کر چیف جسٹس نے مجھے خرید لیا ہے۔ لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کا کام بہت مشکل ہے، عمران خان نے لوٹی ہوئی رقم لانے کا ٹاسک اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے میں کامیابی ملے گی۔ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتارنے میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے