لاہور، وزیرا علیٰ پنجاب سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات
وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چینی قونصل جنرل لانگ ڈون بن نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیرا علیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل لانگ ڈون بن نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزردار اور چینی قونصل جنرل لانگ ڈون بن نے مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان انتہائی بااعتماد دوست ملک ہیں۔ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری خصوصاً سی پیک کے منصوبوں پر چین کے مشکور ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ ہم چین کے ساتھ سی پیک اور سماجی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی، سینیٹیشن اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
چینی قونصل جنرل لانگ ڈون بن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتر ہے۔ سی پیک کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں نیا عروج آیا ہے۔ سی پیک پاکستان اور چین کی دوستی کا اہم نکتہ ہے۔ سی پیک کے منصوبے مکمل ہورہے ہیں اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔
چینی قونصل جنرل کی جانب سے وزیرا علیٰ پنجاب کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی گئی