اسلام آباد :سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ
آمدنی سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے گئے۔ قانون کے مطابق اسحاق ڈار اپنا عہدہ چھوڑنے کے30 دن کے اندر سفارتی پاسپورٹ واپس کرنے کے پابند تھے تاہم پاسپورٹ مقررہ مدت میں واپس نہ کرنے پر دونوں کے پاسپورٹ منسوخ کر دیئے گئے۔
اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے منسوخی سے لندن میں موجود اسحاق ڈار برطانیہ کے باہر سفر نہیں کرسکتے تاہم وہ برطانیہ میں سیاسی پناہ لے سکتے ہیں۔
نیب نے اسحاق ڈار کو واپس لانے کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو ہر صورت واپس لانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔نیب نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔
قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔