Sep 10, 2018 06:21 pm
views : 366
Location : Information Ministy
Islamabad- Information Minister Fawad Chaudhry Media Briefing
اسلام آباد،غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،ہماری کوشش ہے کہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ امیر طبقہ جائز ٹیکس ادا کرے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد امپورٹ کی جائیگی،یوریا کھاد کی ضرورت 5.833ملین ٹن ہے،گزشتہ سال یہ 5.862ملین ٹن تھی،یوریا کھاد کی بوری کی قیمت 1615روپے ہے،یوریا کھاد امپورٹ کرنے پر 2575روپے فی بوری پڑتی ہے،960روپے کا فرق حکومت برداشت کرے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں گیس کی قیمتوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی،2013میں سوئی ناردرن،سوئی سدرن ایک روپے کے بھی نقصان میں نہ تھیں،گزشتہ پانچ سال کے بعد اب ہم 156ارب کے نقصان پر کھڑے ہیں،ملک میں گیس چوری میں اضافہ ہوا ہے،گیس صرف 40فیصد لوگوں کو میسر،جبکہ 60فیصد سلنڈر استعمال کرتے ہیں،گزشتہ حکومت کے گیس کے حوالے سے معاہدے حقیقت کے برعکس ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو ریلیف اور ان پر بوجھ میں کمی کا نظام وضع کرنے کی کوشش کررہے ہیں،سبسڈی کا معاملے وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھا جائیگا،سلنڈر گیس کی قیمتوں میں اضافے پر فوری اقدامات اٹھانے کی سفارش کی ہے۔
صوبائی حکومتوں سے بھی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ایکسپورٹ انڈسٹری کو خصوصی تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔