اسلام آباد،موجودہ حکومت نےآغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے،مولانا فضل الرحمان
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نےآغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات اور دوستی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، یہ دوستی پہلی دفعہ اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوئی اور سی پیک منصوبے کے تحت چین نے اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کی لیکن سیاسی بحران سے چین کا اعتماد کم ہوا، اب سی پیک منصوبوں پر نظرثانی کی باتیں ہو رہی ہیں، اس منصوبے کو تعطل کا شکار کرنا کاری ضرب ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، عوام پر مہنگائی کا پہاڑ توڑ دیا گیا اور ہمیں غلامی کے نئے دور کی طرف لے جایا جا رہا ہے، پہلی مرتبہ ایک حکومت کشمیر کے مسئلے کو مسلسل نظرانداز کرکے ہندوستان کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ہے، سفارتی محاذ پر جس طرح بچپنے کا اظہار کیا جارہا ہے اس سے کیا توقع کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت نے تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن کومنسوخ کرکے مدارس کو نیکٹا کےحوالے کر دیا ہے، علمائے کرام نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مدارس کے نصاب میں بہتری لائے ہیں، مدارس کے نصاب کو تبدیل کرنے کے حکومتی عزائم مسترد کریں گے۔