کوئٹہ، امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان
ایڈیشنل آئی جی پولیس بلوچستان چوہدری منظور سرور کا کہنا ہے کہ پولیس کے جوان ہمارے لیے باعث فخر ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس کے جوان اپنی جانوں کی قربانی دے کر قیام امن کیلئے بھر پور کردار ادا کررہے ہیں،امن وامان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
وہ کوئٹہ کینٹ میں آرٹی سی سینٹر میں پولیس ریکروٹس کی 11ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں کمانڈنٹ آر ٹی سی اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
چوہدری منظور سرور کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونیوالے تمام جوان عملی زندگی میں ملک اور صوبے کی ترقی اور دشمنوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے پولیس کے جوان ہمیشہ چوکس رہے تاکہ دشمن چھپ کر ان پر وار نہ کرسکیں، عوام میں پولیس پر اعتماد بحال ہورہا ہے جونیک شگون ہے، پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں جن سے ہمارا شہر اور صوبہ امن کا گہوارہ بن سکے ۔
اس موقع پر 171جوان پاس آؤ ٹ ہوئے اور انہوں نے مارچ پاسٹ بھی کیا جبکہ مہمان گرامی نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔