کراچی، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پندرہویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیا کی نمائش کا افتتاح کردیا
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پندرہویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیا کی نمائش کا افتتاح کردیا۔ایکسپو سینٹر میں منعقدہ سہ روزہ پندرہویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیاء اور فارما ایشیا نمائش میں چین، سنگاپور، بھارت، امریکہ ، برطانیہ، جرمنی، سوئزرلینڈ، فرانس ، اٹلی اور ترکی سمیت25 ممالک کے 550 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔ نمائش میں 912 برانڈز کے اسٹالز لگائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ نمائش میں انسانی صحت اور طبی آلات پر 30 سے زائد سیمینار منعقد ہونگے۔
ا س موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔کانفرنس سے صحت کے شعبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔طب کے شعبہ میں مسلسل تحقیق کے باعث نئی ادویات اور جدید ترین آلات و مشینری سامنے آرہی ہے۔ان کے موثر اور بروقت استعمال سے مختلف جان لیوا امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ نمائش میں ٹیکنیکل سیشنز کے دوران طبی ماہرین کو علاج معالجہ کے شعبہ میں ہونے والی نئی تحقیق سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ فارماسوٹیکل ایک اہم شعبہ ہے۔ نمائش میں شریک غیر ملکی مندوبین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ہیلتھ ایشیاء کے مسلسل انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں ۔