Sep 12, 2018 12:59 pm
views : 379
Location : Domestic Place
Islamabad-.Senator.Rehman.Malik.Apeal
اسلام آباد، نواز شریف اور مریم نواز کو پیرول پر رہائی دی جائے، سینیٹر رحمان ملک کی اپیل
چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سینیٹر رحمان ملک کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بڑی ہی نڈر خاتون تھیں، انہوں نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا۔ مجھے یاد ہے جب شریف خاندان جیل میں تھا تب جس انداز میں پارٹی معاملات کو سنبھالا خاص طور پر کلثوم نواز کاسیاست میں کردار بہت اچھا تھا، جتنی تکلیف انہوں نے اٹھائی سب کے سامنے ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ سیاست ایک طرف لیکن جو سیاسی شخصیات اپنے آپ کو منواتی ہیں ان میں بیگم کلثوم نواز آج کی سیاست میں سرفہرست ہیں۔ شریف خاندان پر یہ بڑا کٹھن اور سخت وقت ہے۔ میاں نواز شریف، مریم نواز جیل میں ہیں، بیٹے دونوں ملک سے باہر ہیں، شریف فیملی تقریباً بٹی ہوئی ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ میری اپیل ہے کہ کٹھن وقت میں حکومت آگے بڑھے اور میاں نواز شریف کو پیرول پر کچھ ہفتوں کیلئے رہائی دی جائے تاکہ وہ بیگم کلثوم نواز کی تدفین اور دیگر رسومات میں شرکت کرسکیں۔