Sep 12, 2018 05:14 pm
views : 373
Location : Civil Secretariat
Lahore-.CM.Punjab.visits.Civil.Sectriate.
لاہور، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں قائم کنٹرول روم کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی۔محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔