Sep 13, 2018 01:25 pm
views : 481
Location : Different Areas
Karachi- Saeed Ghani visits water filter plants
کراچی، وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے منصوبوں میں فنڈزکے اجراء کو خوش آمدید کہیں گے، سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اگر کراچی کے منصوبوں میں فنڈز کا اجراء کرتی ہے تو ہم ان کو خوش آمدید کہیں گے۔ کراچی میں پانی اورسیوریج کے مسائل ہیں اور ان کے حل کے لئے جہاں سندھ حکومت اقدامات کررہی ہے وہاں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ بھی دن رات کوشاں ہے۔ صبح 9 بجے دفاتر میں حاضری کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہوں تاہم یہ 8 سے 10 روز میں ممکن نہیں البتہ اس میں بہتری آرہی ہے اور امید ہے کہ اب وہ ملازمین جو تنخواہیں لے رہے ہیں وہ کام بھی کریں گے۔
صبح 9 بجے سے سہ پہر 3.00 بجے تک واٹر بورڈ کے مرکزی دفتر سے شروع کئے جانے والے دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر میڈیا سے بات چیت اور افسران اور ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں واٹر بورڈ کے زیر انتظام کلفٹن اور شیریں جناح کالونی سیوریج پمپنگ اسٹیشن اچھا کام کررہے ہیں البتہ اولڈ سٹی ایریا اور لیاری سمیت اطراف کے علاقوں کے جمیلہ پمپنگ اسٹیشن 130 سالہ قدیم ہونے کے باعث مسائل سے دوچار ہے اور جلد ہی اس کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ گلشن اقبال سی او ڈی اور این ای کے واٹر پمپنگ اسٹیشن مثالی ہیں اور ان میں تمام شعبہء جات اچھی طرح کام کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 65 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے، جس کے لئے کے فور، 100 اور 65 ملین گیلن یومیہ پانی کی اسکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ڈی سیلینشین پلانٹ کراچی کے پانی کی کمی کو دور کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر افسران کے ہمراہ شیریں جناح کالونی، کلفٹن اور جمیلہ سیوریج پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں لگائی گئی مشینوں، جنریٹرز اور لائنوں سمیت دیگر کی مکمل تفصیلات حاصل کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعدد اسٹینڈ بائی بند مشینوں اور جنریٹرز کو اپنے سامنے آن کروا کر ان کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کی صورتحال پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ 130 سالہ پرانہ اسٹیشن ہے اس کو اپ گریڈ ہونا ضروری ہے۔