Sep 13, 2018 05:42 pm
views : 538
Location : Foreign Office
Islamabad-Weekly Foreign Office Briefing
اسلام آباد، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے پلوامہ، بانڈی پوراور کپواڑہ میں 14 مزید کشمیریوں کو شہید کر دیا جبکہ سینکڑوں حریت رہنما اور کارکنان بدنام تہاڑ جیل میں حراست میں رکھے گئے ہیں،پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف کشمیر بلکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے رواں برس ایل او سی کی 2050 خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں 31 نہتے شہری شہید ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 10 ستمبر کو بھی آزاد کشمیر کے خنجر سیکٹر میں فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، جس میں جھومر گاؤں کا نوجوان گفتار حسین شہید ہوا، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائمقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور ایک احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا گیا۔
ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے بات چیت کے خلاف نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو رابطے موجود ہیں، ٹریک ٹو رابطے مختلف سطح پر ہیں اور چلتے رہتے ہیں تاہم پاک بھارت بیک ڈور روابط کا علم نہیں۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی پروگرام میں میزبانی کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنرکی پروگرام کی میزبانی کا وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نےسخت نوٹس لیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر کو وطن واپس طلب کرکے تحریری وضاحت نامہ طلب کیا گیا ہے۔