کراچی، تحریک انصاف لیاری سے حلقہ پی ایس 108 کے امیدوار ناصر کریم بلوچ پیپلز پارٹی میں شامل
تحریک انصاف لیاری سے حلقہ پی ایس 108 کے امیدوار ناصر کریم بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر کریم بلوچ کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ اپنی پارٹی میں واپس آگیا ہوں مجھے افسوس ہے کہ لیاری سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو ہار گئے لیکن ہم مل کر لیاری کو دوبارہ پی پی پی کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔ پی ٹی آئی ایک کمرشل اور ملٹی نیشنل پارٹی ہے اس میں ورکروں کی کوئی عزت نہیں ہے اور پارٹی کو لمیٹڈ کمپنی کی طرح چلایا جاتا ہے پارٹی میں سرمایہ داروں کا تسلط ہے۔
پریس کانفرنس سے پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر وصوبائی وزیر سعید غنی، پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد ربانی، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری، پی پی پی میڈیا سیل سندھ کے ممبر سردار نزاکت، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، جنرل سیکریٹری کرم اللہ وقاصی، سیکریٹری اطلاعات نادیہ گبول بھی موجود تھی۔
سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناصر کریم بلوچ کی شمولیت سے لیاری میں پارٹی مضبوط ہوگی لیاری پی پی پی کا گڑھ تھا اور رہے گا جن لوگوں نے کراچی کا مینڈیٹ چوری کیا ہے ان لوگوں کے لئے ناصر کریم بلوچ کی شمولیت سرپرائز ہے ہم لیاری سمیت پورے کراچی کی خدمت کرتے رہینگے۔
پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناصر کریم بلوچ لیاری کا ایک معتبر نام ہے سوشل سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس میں بھی ایک بڑا کام ہے ہم نے ماضی میں بھی ساتھ کام کیا ہے اور آگے بھی مل کر کام کرینگے ۔