کراچی،بنگالیوں اور افغانوں کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ز دیں گے ،عمران خان
وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بنگالیوں اور افغانوں کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ز دیں گے ، ملک تب ترقی کرے گا جب کمزور طبقہ اوپر آئے گا ،امیر اورغریب میں فاصلے بڑھتے جارہے ہیں، سندھ حکومت دوماہ میں کراچی کاگند ختم نہ کرسکی تو وفاق پلان بنائیگا۔
کراچی میں فنڈر یزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتاہوں جس طرح اس نے مجھے جتایا ہے ۔ کراچی کے ساتھی بڑی دلیری کے ساتھ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے ، جب تک کراچی نہیں کھڑا ہوتا پاکستان آگے نہیں بڑھے گا ۔کراچی میں ہوتا یہ رہاہے کہ کراچی کی اونر شپ کسی کے پاس نہیں تھی اس لئے جب کراچی نیچے گیا تو پورے پاکستان پر اثر پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے مسئلے بھرپور توجہ دیں گے۔ ہم سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کراچی کے تمام مسائل پر توجہ دیں گے کیونکہ کراچی جب اوپر جائے گا تو ملک پر اس کا اچھا اثر پڑے گا ۔
کراچی میں سٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں انڈر کلاس بڑھتی جارہی ہے ، ان میں چارلاکھ بنگالی اور افغانستان کے لوگ شامل ہیں ، ان کو شناختی کارڈ ز نہیں ملتے جس کی وجہ سے وہ جرائم کی طرف جاتے ہیں۔ ہم ان کو شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بنا کردیں گے کیونکہ وہ یہاں پیدا ہوئے ہیں ۔ہم ان کی مدد کریں گے کہ تاکہ ان کو آگے بڑھنے کا موقع ملے ۔ یہ ملک تب اٹھے گا جب کمزور طبقات اوپر آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ چائنہ سپر پاور ایسے بنی کہ اس نے 30سال میں 70کروڑ لوگوں کوغربت سے نکالاہے ،انہوں نے کہا ہم پہلی دفعہ کراچی کا ماسٹر پلان بنائیں گے اور اس ماسٹر پلان کے تحت جو بھی خالی جگہ ہے اس میں جنگلات اگائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت کو گندگی صاف کرنے کیلئے دوماہ دیں گے اوراگر یہ کام نہ ہوا تو پھر وفاقی حکومت اس کام میں ملوث ہوگی اورہم گندگی کوصاف کرنے کیلئے پورا زور لگائیں گے ۔