مری: عوام کے ٹیکس سے چلنے والے ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول رہے ہیں، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں یہ گورنر ہاؤس نہیں، یہ جو بھی ہے حکومت پنجاب کی ملکیت ہے، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والے ہاؤسز کو عوام کے لیے کھول رہے ہیں۔ پانی کا مسئلہ حل کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے، گندا پانی پینے سے آنے والی نسل تباہ ہورہی ہے تاہم میں نے ذاتی حیثیت میں اپنی این جی او سے 100 سے زائد فلٹریشن پلانٹ لگائے۔
چوہدری محمد سرورکا کہنا تھا کہ پنجاب میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ان کی ذمہ لگائی گئی ہے، صوبے کے 26 ہزار دیہات میں صاف پانی پہنچانا ہے جو آسان نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کا پورا ترقیاتی بجٹ لگائیں تو پھر ہی تمام دیہات میں صاف پانی کی فراہمی ممکن ہے، پینے کے صاف پانی کے لیے بیرون ممالک دورہ کر کے لوگوں سے ڈونیشن لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں یونیورسٹی اسپتال اور گیس کے مسئلے کو حل کرنے کا جامع پلان بنائیں گے اور ہم نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے ہیں تاکہ مقامی مسائل مقامی عہدیدار حل کریں