عمر کوٹ، بچے مررہے ہیں مگر سندھ حکومت نیند سے بیدار نہیں ہوئی، حلیم عادل شیخ
پی ٹی آئی کا وفد پارلیمانی رہنماء حلیم عادل شیخ کی قیادت میں عمرکوٹ ہسپتال پہنچ گیا۔وفد میں رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ، سنجے گنگوانی اور دعا بھٹو شامل تھیں۔وفد نے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔
اس موقع پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ عمرکوٹ کی 25 یوسیز میں قحط ہونے کے باوجود کوئی امدادی کام شروع نہیں ہوا۔وزراء کے بچوں کے علاج لندن سے ہوتے ہیں اس لیے انہیں یہاں کے ڈی ایچ کیوز کی پرواہ نہیں۔یہ لوگ تھر کے تنبو بھی کھا گئے ان کے پیٹ بیس بیس کلو بڑھ گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے مررہے ہیں مگر سندھ حکومت نیند سے بیدار نہیں ہوئی تاہم وفاقی حکومت تھرپارکر میں امدادی کام کرے گی۔ہم یہاں سے مکمل رپورٹ لیکر جارہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائی بند کی جائے۔ایس ایس پی عمرکوٹ پولیس میں بیٹھے پیپلزپارٹی کے منچھیوں کو پہنچانیں،کنری عمرکوٹ تھرپارکر میں محکمھ تعلیم، محکمہ صحت اور محکمہ پولیس میں ہمارے کارکنان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔