Sep 18, 2018 05:01 pm
views : 454
Location : National Assembly
Islamabad- PM Imran Khan Adresess
اسلام آباد، پاکستان میں پیدا ہونے والے پناہ گزین بچوں کو شہریت کا حق حاصل ہے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل درست کہہ رہے ہیں کہ ہمارا ان کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کو واپس جانا چاہیے لیکن پاکستان کا 1951ء کا قانون کہتا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے پناہ گزین بچوں کو شہریت کا حق حاصل ہے۔ یہ صرف پاکستان میں نہیں امریکا اور دنیا کے عام ملکوں میں نظام رائج ہے جو بچے وہاں پیدا ہوتے ہیں ان کو شہریت کا خودکار حق حاصل ہوجاتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مہاجرین جو عارضی طور پر آتے ہیں ان کیلئے دیگر قانون موجود ہیں۔ بنگلہ دیش سے آئے ہوئے لوگ گزشتہ چار دہائیوں سے زائد یہاں مقیم ہیں اور اب ان کے بچوں کے بچے بھی ہوچکے ہیں لیکن ان کو ابھی تک کوئی حق نہیں ملا۔ عالمی کنونشنز کی وجہ سے ان کو جبراً واپس بھی نہیں کیا جاسکتا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ انسانی مسئلہ ہے اور یہ لوگ انسان ہیں۔ انسانیت کے تقاضے پر ہی میں کہہ رہا ہوں۔ اگر آج ان کا فیصلہ نہیں ہوگا تو پھر کب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے اندر رہزنی بڑھ رہی ہے اور وہ ان لوگوں سے ہے جن کو نوکریاں نہیں مل رہیں، تعلیمی اداروں میں داخلے نہیں ہیں اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو آئندہ مزید مسائل پیدا ہوں گے۔