لاہور، آج پاکستان میں دہشت گردی کے ناسورپر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی۔ وزیراعلی ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کی جانب سے وزارت اعلی ٰکا منصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔تبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا گیاہے جہاں ایک پسماندہ علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔پاکستان اور برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں۔ڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب کے مختلف شعبوں میں مثالی پروگرام چل رہے ہیں۔پنجاب حکومت ان پروگرامز کو وسعت دینا چاہتی ہے۔وزیراعظم کا 100روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کا پروگرام ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام میں اصلاحات کر کے اسے مکمل غیر جانبدار بنائے گی۔بلدیاتی نظام میں ضروری تبدیلیاں لا کر اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کر رہے ہیں۔تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لئے دن رات کام ہو رہا ہے۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قیمتی انسانی جانوں کی قربانی دی ہے۔آج پاکستان میں دہشت گردی کے ناسورپر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے ۔برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔مستقبل میں برطانیہ کے تعاون سے مختلف شعبوں میں مزیدبہتری لانے کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت محنت کے ساتھ کام کررہی ہے ۔برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ آئندہ باہمی تعاون کر مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ترقیاتی اہداف کے حصول ،تعلیم اور کاروباری مواقع کے فروغ کے لئے مستقبل میں مل کر کام کریں گے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
برطانوی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی او را نتہا پسندی ہم سب کا مشترکہ چیلنج ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی خوش آئند ہے۔میرے والدین کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے۔پاکستان میرے دل میں بستا ہے ۔