کراچی، حکومت پاکستان کی طرح بھارتی سرکار بھی بارڈر کھولے، پاکستان سکھ کونسل
پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ نے کرتارپور بارڈر کھولے جانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی بارڈر کھلے۔ ہم آرمی چیف کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بارڈر کھولنے کا وعدہ کیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سردار رمیش سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ کرتارپور نارروال بارڈر کھولنے کے فیصلے پر دنیا بھر میں موجود سکھ برادری حکومت پاکستان کی مشکور ہے، اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا،دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان آئینگے اور ایک اچھا پیغام لے کر جائینگے۔
سردار رمیش سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان سے مل کر ان کی تجاویز کےذریعے مزید اچھے اقدامات کئے جائیں ،بھارت میں گردوارے کے سکھ یاتریوں کی بھی خواہش ہے کہ وہ بھی پاکستان آئیں۔