لاہور، نواز شریف نے عوام کیلئے جیل کی صعوبتیں سہی اور تکلیفیں جھیلی ہیں، مخدوم جاوید ہاشمی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کو عہدے سے ہٹاکر ملک کو پھر غلامی کی طرف لے جایا گیا۔ ہمارے بہت سارے اداروں نے غلط کام کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سزا معطلی کے فیصلے کے بعد لاہور میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ نیب کو عیب کہا ہے کیونکہ یہ ادارہ اس ملک میں لوگوں کی سیاسی آزادیاں خریدنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ یہ پاکستان کی بات کرنے والوں اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جنگ لڑنے والوں کو پکڑتا ہے ۔ کسی اور کو نہیں پکڑتا۔
مخدوم جاوید ہاشمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے جو جنگ لڑرہے ہیں وہ 72 برسوں میں کسی نے نہیں لڑی، نواز شریف نے عوام کیلئے جیل کی صعوبتیں سہی ہیں اور تکلیفیں جھیلی ہیں۔