کوئٹہ، نیا سٹیزن بل آیا تو بھرپور مخالفت کرینگے، میر حاصل بزنجو
نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق نیا سٹیزن بل لایا جارہا ہے تاہم حکومت کے اس اقدام کی ہم بھرپور مخالفت کریں گے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر افغان مہاجرین کو واپس ان کے ملک میں بسانے کی تیاریاں ہورہی ہیں اور ایسے موقع پر وزیر اعظم کا ایسا بیان قابل مذمت ہے۔
میر حاصل بزنجو نے نواز شریف کو رہائی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ خزانہ کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں اور وفاق کی جانب سے بلوچستان کے پی ایس ڈی پی کو کٹ لگایا جا رہا ہے۔وفاق کے اس اقدام سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے کبھی مکمل نہیں ہوں گے۔ صوبائی حکومت کو وفاق کے اقدام پر پالیسی واضح کرنی چاہئے۔
میر حاصل بزنجو کا یہ بھی کہنا تھا کہ خاص ایجنڈے کے تحت اٹھارویں ترمیم کو ختم کیا جا رہا ہے،ہم کسی صورت اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے نہیں دیں گے۔ اس حوالے سے سینیٹ میں بھی بحث چل رہی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کو قانونی طور پر کم نہیں کیا جاسکتا۔