Sep 20, 2018 06:21 pm
views : 383
Location : M.A.Jinnah Road
Karachi- 9 Muharram-ul-Haram's allegiance, tough security
کراچی، نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں
نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک خراساں سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہے۔ عزاداران کی جانب سے شہدائے کربلا کی یاد میں مسلسل نوحہ خوانی اور ماتم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والی چھوٹے چھوٹے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔
اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نبٹنے کیلئے جلوس کی گزرگاہوں کے قریب موبائل فون سروس کی بندش کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے جوان بھی جلوس کی گزرگاہوں پر مستعد کھڑے ہیں جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی کے علاوہ رینجرز وپولیس کے ماہر نشانہ باز بلند عمارتوں پر تعینات ہیں۔
جعفریہ ڈیزاسٹر سیل اور دیگر اسکاؤٹس کے رضاکار بھی مختلف مقامات پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ راستے میں جگہ جگہ پانی کی سبلیں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس مختلف راستوں کو عبور کرتے ہوئے اپنی منزل مقصود حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کی نگرانی پر مامور ڈی آئی جی ایسٹ عامر جمیل کا کہنا تھا کہ آج جلوس کے شرکاء کی تعداد کل کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ جلوس کی حفاظت کیلئے ایسٹ زون سے صرف 25 سو افراد تعینات ہیں ، اس کے علاوہ ہمیں رینجرز کے جوانوں اور اسکاؤٹس رضاکاروں کی بھی مدد حاصل ہے۔ داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔