کراچی،یوم عاشور کا مرکزی جلوس ریگل چوک سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ راستوں پر گامزن
یوم عاشور کا مرکزی جلوس ریگل چوک سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے ۔
کراچی سمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے جب کہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے پیش نظر مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے،جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اطراف کی بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات ہیں جبکہ اس موقع پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
جلوس کے راستوں پر سبیلیں قائم اور لنگر کا بھی انتظام ہے جب کہ شرکا زنجیر زنی اور ماتم کرتے ہوئے مقررہ راستوں کی جانب رواں دواں ہیں۔
حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں عزاداری اور نوحہ خوانی کی جارہی ہے جس کے لئے کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، خانیوال، فیصل آباد، لیہ ، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔