کراچی، یوم عاشور کے جلوس میں شریک عزاداران کی جانب سے نماز ظہرین ادا
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم عاشور انتہائی مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہُ اور ان کے رفقاء کی بے مثال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں جو شام کو اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو نمائش سے ہوتا ہوا تبت سینٹر پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس حسینیان ایرانیان کھادر کی جانب گامزن ہے۔
یوم عاشور پر شہر شہرعلم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل بھی جاری ہے۔ سیکیورٹی اقدامات کے تحت کراچی میں ڈبل سواری اور موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے۔