راولپنڈی، اللہ کے محبوب اور ان کی آل پر ہمارا سب کچھ قربان ہے، شہریار آفریدی
راولپنڈی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا، وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے جلوس میں شرکت کی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ہو، کوئٹہ ہو یا تفتان ہو وفاق نے سب کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ہے اور انہیں ہر قسم کی یقین دہانی کروائی ہے کہ کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو وفاق ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پاکستانی قوم ایک غیرت مند قوم ہے۔ پاکستانی قوم کو کوئی منقسم نہیں کرسکتا۔تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کو عزت دی جائے گی، ہم ایک ہو کر چلیں گے، پاکستان کے باسی ایک ہیں اور وفاقی حکومت ہر پاکستانی کے دکھ درد میں ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کریم نے چاہا تو ہم ایک ایسی قوم بننے جارہے ہیں جس پر روز محشر کے دن خاتم النبین بھی فخر کریں گے۔ یوم عاشور کے روز ظلم وجبر کے خلاف ایک تاریخ رقم ہوئی۔ اللہ کے محبوب اور ان کی آل پر ہمارا سب کچھ قربان ہے۔ظالم کے آگے ڈٹنا، مظلوم کے سر پر ہاتھ رکھنا اور ظلم سے منہ نہ پھیرنا لا الہ الل اللہ ہی ہے۔
شہریار آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ خاتم النبیبن سراپا امن اور آل رسول کی لازوال قربانیاں ہمیں درس دیتی ہیں کہ آج پاکستان اور امت مسلمہ وتمام انسانیت کے خلاف ہونے والی سازشوں پر برسرپیکار ہونا ہے اور فلسفہ حسینؓ کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہے۔ انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی اور پاکستان تاقیامت آباد اور سلامت رہے گا۔