لاہور، گزشتہ پنجاب حکومت میں شامل افراد زیادہ عرصہ جیل سے باہر نہیں رہ سکیں گے،وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی مستقبل تو نہیں ہے لیکن وہ ذاتی مستقبل کے لیے دعا کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کابینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے کی اور وزراء کو ٹارگٹس دیئے ہیں، ہم چاہتے ہیں ہماری حکومت (ن) لیگ کی حکومت سے مختلف ہو اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ہو۔
مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے جب بھی ریکارڈ مانگا گیا تو وہاں آگ لگ جاتی تھی، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جہاں جہاں آگ لگی وہاں تحقیقات کی جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ابھی اسکینڈلز کھلیں گے اور گزشتہ پنجاب حکومت میں شامل افراد زیادہ عرصہ جیل سے باہر نہیں رہ سکیں گے، شہباز شریف نے ایک لاکھ 10 ہزار کروڑ روپیہ خرچ کیا جب کہ میٹرو بسوں کو چلانے کے لیے 8 ارب روپے حکومت کو سالانہ دینا پڑتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب سے ہماری ذاتی لڑائی نہیں ہے، وہ قوم کے پیسے واپس لے آئیں تو ہماری لڑائی ختم ہو جائے گی۔