لاہور، کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرینگے، اسفند یار ولی
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے ایوب خان کی آمریت کا، میری والدہ کے علاوہ نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ضیاء الحق کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پرویز مشرف کی آمریت کا مقابلہ بیگم کلثوم نواز نے کیا۔
جاتی امراء میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے تعزیت کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسفند یار ولی کا مزید کہنا تھا کہ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو اور بیگم کلثوم نواز ایسی شخصیات ہیں جو اس معاشرے میں جس معاشرے میں عورت کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی لیکن ان خواتین نے اپنی جدوجہد اور اپنی ہمت سے معاشرے میں اپنے لئے ایک مخصوص مقام حاصل کیا۔
اسفند یار ولی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز پرویز مشرف کے سامنے نہیں جھکیں اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جس پر نہ صرف ہمیں بلکہ پورے پاکستان کو ان کے کردار پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈیموں کے مخالف نہیں لیکن ہم کالا باغ ڈیم کے مخالف ضرور ہیں اگر کوئی آرٹیکل 6 لگانا چاہتا ہے تو بے شک لگالے۔