Sep 24, 2018 12:11 pm
views : 422
Location : Domestic Place
PAKISTAN REACTION INDIAN ARMY CHIEF STATMENT
اسلام آباد، بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو گیدڑ بھبکی، پاک فوج بھی بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے، آصف غفور
بھارتی آرمی چیف نے بھی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دی،بھارتی آرمی چیف نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ پاکستان کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درد محسوس کرانا چاہتے ہیں اور اسے جواب دینے کا وقت آگیا ہے، اب پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا اور پاک فوج کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بھارتی آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج کے بہیمانہ مظالم کو تسلیم کرنے کے بجائے الٹا پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بارڈر فورس کے اہلکاروں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے اور کشمیر میں در اندازوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، جنگ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی بھارتی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔ کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لیا یا کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارتی آرمی چیف امن و امان کی صورتحال خراب نہ کریں، ہم نے کسی بھی فوجی کی لاش کی بے حرمتی نہیں کی۔ پاکستان کو دہشت گردی کا شکار بنایا گیا لیکن ہم نے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا اور بہت سی قربانیوں کے بعد امن قائم کیا، ہمیں پتا ہے کہ امن پسندی کی کیا قیمت ہے اس لیے امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے، بھارت ہمیشہ مذاکرات کی ٹیبل سے فرار ہوا لیکن حکومت پاکستان آج بھی دعوت دیتی ہے کہ آئیں اور ٹیبل پر بیٹھ کر بات کریں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو کرپشن چارجز کا سامنا ہے اور بھارت میں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں، جب کہ بھارتی فوج اپنی ملکی سیاست میں گھری ہوئی ہے اورعالمی دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے جنگ کی باتیں کر رہی ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نےاپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان مخالف بیان کسی طور مناسب نہیں ، بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ نہیں اور انہیں سیاسی آلہ کار کے طور پر بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اوراس تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہوسکتی، دونوں ممالک میں مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان امن کروڑوں عوام کے مفاد میں ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کے لیے پہلے ہاتھ آگے بڑھایا اور ہم اب بھی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گےجب کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن اور کون جنگ چاہتاہے۔