اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کئی اہم امور پر غور کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
چاروں وزرائے اعلیٰ نے صوبائی معاملات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، جس میں قومی صفائی مہم ، سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹر کی درآمد، ایل این جی کی درآمد، پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی 2012، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبوں میں فوڈ اتھارٹیز کے درمیان ہم آہنگی لانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاق کو چاروں صوبوں نے صفائی مہم کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں قدرتی وسائل کا استعمال صوبوں کی مشاورت سے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاق صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے کا خواہاں ہے، ہم صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں۔