اسلام آباد، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیکٹا کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم سردار مسعود ، گلگت بلتستان کے وزیرا علیٰ،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف سیکریٹریز اور آئی جیز سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔
نیکٹا کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نیکٹا کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ 20 نکاتی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ایک مرتبہ بھی نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد نہیں کروایا یہی وجہ ہے کہ سابق حکومت کی غفلت کے باعث اس اہم ادارے کی کارکردگی میں بہتری نہیں آسکی۔
وزیرا عظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں عام شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، مسلح افراد، سیکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو ہم سراہتے ہیں۔ ان تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ملک میں امن وامان میں نمایاں بہتری آئی ہے۔