دبئی، بھارت سے 2 میچ ہار کر دنیا ختم نہیں ہوگئی،ایشیا کپ میں کم بیک کریں گے، شعیب ملک
قومی کرکٹرشعیب ملک کا کہنا ہے کہ بھارت سے 2 میچ ہار کر دنیا ختم نہیں ہوگئی،ایشیا کپ میں کم بیک کریں گے۔
دبئی میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز میں
صلاحیتوں کی نہیں تجربے کی کمی ہے،کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی کے
مطابق کھیلیں تو بیٹنگ میں استحکام آسکتا ہے۔
شعیب ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ یواے ای میں پچز300 یا 350 رنز والی نہیں ہیں،ابتدا میں
سنبھل کر کھیلا جائے تو بعد میں اسٹروکس کھیلنے کا بھی موقع ملتا ہے،
بیٹسمین ہوں یا بولر پلان کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھائیں تو فارم میں واپس
آسکتے ہیں۔
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست کے بعد ابھی
تک اسی ضمن میں بات چیت ہوئی ہے،کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی بڑھایا ہے،ٹیم
نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ہے،کھیلیں گے تو سیکھنے کا موقع ملے گا، ہار جیت
اپنی جگہ پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان
تجربے کا بڑا فرق ہے، ہار سے مایوسی ضرور ہوتی ہے۔ کھلاڑیوں کو حوصلہ دینے
کی ضرورت ہے، نئے عزم کیساتھ بنگال ٹائیگرز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔