Sep 26, 2018 05:13 pm
views : 333
Location : Radio Pakistan Chowk
Islamabad- Minister of State Ali Muhammad Khan Media Talk
اسلام آباد، ریڈیو پاکستان کو پرائیویٹائز نہیں کیا جارہا، علی محمد خان
ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کے فیصلے کے خلاف ملازمین کی جانب سے جاری احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیر مملکت علی محمد خان ریڈیو پاکستان چوک پہنچے۔
احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو ریڈیو پاکستان کی اہمیت کا احساس ہے، ریڈیو پاکستان مستقبل میں پاکستان کی بقاء اور کسی بھی حکومت کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ انتہائی اہم ترین اثاثوں کی طرح ریڈیو پاکستان بھی ایک اہم اثاثہ ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ 1965ء کی جنگ میں افواج پاکستان کا خون گرمانے اور پوری قوم کو کھڑا کرنے کیلئے ریڈیو پاکستان نے کردار ادا کیا، 1971ء کی جنگ ہو یا کارگل کا معاملہ، 2005ء کا زلزلہ ہو یا سیلاب ہر موقع پر ریڈیو پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔
علی محمد خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین سے ریڈیو پاکستان کی نمائندہ تنظیم کے عہدیداران نے ملاقات کی ہے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ ریڈیو پاکستان کو ایک کامیاب ادارہ بنایا جائے، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ریڈیو پاکستان صرف حکومتی فنڈ پر چل رہا ہے، اس ضمن میں فواد چودھری کی جانب سے ایک تجویز دینے کی کوشش کی گئی اور ملازمین سے رائے مانگی گئی کہ اس ادارے کو کیسے بہتر بنایا جائے۔ کسی کو نوکری سے نکالا نہیں جارہا اور نہ ہی ریڈیو پاکستان کو پرائیویٹائز کیا جارہا ہے۔