کراچی، دریائے سندھ پر کوئی بھی ڈیم بنانے کا منصوبہ سندھ کے عوام کی تباہی کا سبب سمجھتے ہیں،جلال محمود شاہ
رہنما سندھ یونائیٹڈ پارٹی
جلال محمود شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نہ ہی ایک قوم کا وطن ہے اور نہ ہی
یہاں کے رہنے والے افراد کے سیاسی اور اقتصادی مفادات یکساں ہیں اسلئے
دریائے سندھ پر کوئی بھی ڈیم بنانے کا منصوبہ سندھ کے عوام کی تباہی کا سبب
سمجھتے ہیں۔
حیدر منزل پر سندھ کے سیاسی قوم پرستوں اور سول سوسائٹی
کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود
شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے
ہوئے جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں رہنے
والے برمی بنگالیوں اور افغانیوں سمیت دوسرے تمام غیرملکیوں کو ایلین
رجسٹریشن کارڈ جاری کئے جائیں اور انہیں محدود کیمپوں تک پناہ دے کر واپس
انکے وطن بھیجنے کا بندوبست کیا جائے، سندھ میں دوسرے صوبوں سے آنے والے
افراد کو ورک پرمٹ جاری کیا جائے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ کا
مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اٹھائیس،انتیس اور تیس
ستمبر کو کراچی پریس کلب کےسامنے عوامی تحریک کی جانب سے بھوک ہڑتال کی
جائیگی،جبکہ دریائے سندھ کی مالکی اور غیرملکی آبادکاری کے خلاف بننے والے
اتحاد کو سندھ ایکشن کمیٹی کا نام دیا جائیگا۔