Sep 27, 2018 05:02 pm
views : 392
Location : National Assembly
Islamabad- Opposition Come Back in NA After Walkout
اسلام آباد، اپوزیشن واک آؤٹ کے بعد دوبارہ قومی اسمبلی پہنچ گئی
اپوزیشن اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد دوبارہ قومی اسمبلی پہنچ گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حزب اختلاف کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ میں برابر کا سب کو بولنے کا موقع دوں گا۔
اس موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیرا عظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آج کے ایجنڈا آئٹم پر بہت ساری باتیں دونوں اطراف سے ہوچکی ہیں اور دونوں اطراف سے بڑی مفصل اور تفصیل کے ساتھ باتیں ہوئیں، میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا شکرگزار ہوں کہ مجھے بولنے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ میری بات تنقید پر مبنی نہیں ہوگی اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں یہ سمجھتا ہوں اورمیری پارٹی کا بھی یہ موقف ہے کہ کسی بھی حکومت کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ایک ماہ کا وقت بہت کم ہے ،لہٰذا میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ ایک بات جس نے مجھے ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کہ قابل احترام وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں یہ کہا کہ ملکی معیشت ایک دہانے پر کھڑی ہے جو بہت ہی گھمبیر ہے اور ایک ایسی تصویر انہوں نے پیش کی کہ جس سے میں سمجھتا ہوں کہ پورے ملک کے لوگوں کو تشویش ہوگئی ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنی تقریر یہ فرمایا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو اس وقت کے حالات بہت ہی زیادہ ناگفتہ بہ تھے، اس وقت بڑی دشواریوں کا انہیں سامنا کرنا پڑا، پہاڑ کی طرح مسائل تھے، میں تو نہیں چاہ رہا تھا کہ میں کوئی ماضی کی بات کروں لیکن میں اتنا ضرور عرض کرنا چاہتا ہوں کہ 2008ء میں جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنی اور ہم اس ایوان میں آئے تو اس وقت کے حالات اور معاملات کو تھوڑا سامنے رکھنا چاہیے۔