کراچی، ہم سندھ کو پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ بنانا چاہتے ہیں، امیر بخش بھٹو
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم سندھ کو پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ بنانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے حالات اور ماحول بہت سازگار ہے، عوام گزشتہ کئی سالوں کی سیاست اور حکمرانوں سے بیزار ہو کر مایوس ہوگئے ہیں، سندھ میں خاص طور پر صرف کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے، باقی صوبوں نے سندھ کی بہ نسبت بہت ترقی کی ہے، خیبرپختونخواہ میں بارڈر پر خانہ جنگی چل رہی ہے لیکن ادھر یہاں سے بہتر امن وامان کی صورتحال ہے، پی ٹی آئی کی حکومت کے تحت خیبرپختونخواہ میں بہت ترقی اور خوشحالی کے علاوہ اصلاحات ہوئی ہیں، پولیس کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر بخش بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں تبدیلی آچکی ہے اور ایک حقیقی عوامی دور کا آغاز ہوگیا ہے لیکن سندھ ابھی تک اس پرانے پاکستانی دور میں پھنسا ہوا ہے جہاں صرف کرپشن اور لوٹ مارکا بازار گرم ہوتا ہے لہٰذا ہماری کوشش ہوگی کہ ہم سندھ میں تبدیلی لائیں، یہاں کے لوگ پرامید ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سندھ میں بھی ترقی لائیں گے اور سندھ میں بھی عوام کی ترقی اور فلاح ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہوتے ہیں، ہم سیاسی کارکنوں کو اوپر لائیں گے جنہوں نے پارٹی بنانے میں قربانیاں دیں ہیں انہیں عہدوں پر فائض کرینگے تاکہ انہیں قدر ہو کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے کا ثمر ملتا ہے۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ ہر ایک گاؤں میں یوسی کی سطح تک جائیں ۔