اسلام آباد، بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشن کے لئے بجٹ میں فنڈ مختص ہونا چاہیے، بیرسٹر فروغ نسیم
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ اے نسیم کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات بہت کارساز ہے ، وہ جس کو بھی چاہے کسی بھی منصب پر فائز کردیتا ہے، میں ہی صرف وفاقی وزیر قانون نہیں بنا جتنے بھی وکلاء ہیں وہ اپنے آپ کو بھی وزیر قانون سمجھیں۔
پاکستان بار کونسل اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ اے نسیم کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب مجھے کسی بھی عہدے کیلئے دلچسپی ہی نہیں تھیں، میں اپنے کام سے کام رکھتا تھا لیکن کچھ ایسی چیزیں انسان کے سامنے آجاتی ہیں جس کا فیصلہ اس کے ہاتھ میں نہیں ہوتا کہیں اور ہوتا ہے، مجھے اللہ کی ذات پر اندھا بھروسہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشن کے لئے بجٹ میں فنڈ مختص ہونا چاہیے، جب میں پاکستان بار کونسل کا وائس چیئرمین تھا تب بھی میں نے بہت کوششیں کیں، مجھے ہاتھ پیر جوڑنے کی عادت نہیں تھی لیکن اس وقت کے وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل سے ہاتھ پیر تک جوڑے لیکن انہوں نے ملنے کا وقت بھی نہیں دیا، اٹارنی جنرل نے بہرحال بات سنی اور وعدہ بھی کیا لیکن ایک پائی کا فنڈ پاکستان بار کونسل کو نہیں دیا گیا۔